07 جون ، 2013
کراچی … پی ایس 128 ملیر کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر کل ہونے والے انتخابات کیلئے انتخابی سامان فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز پر پہنچا دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کرنل نیّر کے مطابق ملیر کے پی ایس 128 پر کل ہونے والے انتخابات مکمل طور پر فوج کی نگرانی میں ہوں گے، آج فوج کی نگرانی میں انتخابی سامان متعلقہ اسٹیشنز پر پہنچا دیئے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر 9 فوجی جوان تعینات ہوں گے، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی فوج کے ہمراہ ہوں گے۔ سندھ اسمبلی کے اس حلقے کے 6 پولنگ اسٹیشن پر عدالتی حکم کے تحت دوبارہ کل دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے جس میں ساڑھے 9 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ کل ہونے والے جزوی انتخابات میں ایم کیو ایم کے سید وقار شاہ اور متحدہ دینی محاذ کے مولانا اورنگزیب فاروقی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ پیپلز پارٹی، اے این پی اور تحریک انصاف پولنگ کا بائیکاٹ کر چکی ہیں۔