07 جون ، 2013
اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا ،ان کا کہنا ہے کہ امن و امان صوبائی معاملہ ہے تاہم وفاقی حکومت صوبوں کو ہر ممکن مدد دے گی۔ ایوان صدر میں تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چودھری نثار علی نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کی تفصیلی بریفنگ کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں میں کوئی متنازع افسر تعینات نہیں کیا جائے گا۔ چودھری نثار نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو انٹیلی جنس تعاون بھی فراہم کرے گی جب کہ میڈیا حکومت کا محتسب اعلیٰ ہوگا ،مختصر وقت میں نتائج دیں گے۔