پاکستان
08 جون ، 2013

مہاجروں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، ڈاکٹر نصرت

مہاجروں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، ڈاکٹر نصرت

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر نصرت نے کہا ہے کہ لسانی عصبیت اورتفریق کے باعث مہاجروں میں بھی احساس محرومی تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔ انہوں نے الطاف حسین کے اس بیان کی توثیق کی کہ سندھ کی موجودہ حکومت دیہی علاقوں کے نمائندوں کی حکومت ہے جس میں شہری سندھ کی کوئی نمائندگی نہیں۔ایک بیان میں ڈاکٹرنصرت نے کہا کہ سندھ صرف دیہی سندھ کا نام نہیں بلکہ شہری علاقے بھی اسی دھرتی کاحصہ ہیں۔ ڈاکٹرنصرت نے کہا کہ پاکستان کے نام پر اپنا سب کچھ قربان کرکے یہاں آنے والوں کو بہت سی توقعات تھیں۔ یہ امید تھی کہ یہاں سب پاکستانی بن کررہیں گے۔ ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں گے اور سب کے ساتھ مساوی سلوک ہوگا۔ لیکن 65 سال گزر گئے اور لسانی و علاقائی نفرتیں اور عصبیتیں ختم نہیں ہو پائیں۔ ڈاکٹر نصرت نے کہا کہ اگر یہ عمل اسی طرح جاری رہا اور لوگوں کو امتیازی سلوک کانشانہ بنایا جاتا رہا تو شہری سندھ میں پائے جانے والے احساس محرومی میں مزیداضافہ ہوگا جو سندھ کے مستقل باشندوں میں دوریاں پیدا کردے گا۔

مزید خبریں :