09 جون ، 2013
سیول… جزیرہ نما کوریا کی دو حریف ریاستیں شمالی اور جنوبی کوریا کے حکام کے درمیان کئی برسوں کے بعد اتوار کے روز براہ راست مذاکرات کا آغاز ہوگیا ۔ذرائع ابلاغ کے مطابق مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تناوٴ اور کشیدگی میں کمی لانا مقصود ہے۔ دونوں ریاستوں کے اہلکاروں کے درمیان مذاکرات کا آغاز غیر فوجی سرحدی گاوٴں پان من جوم میں ہوا۔ ابتدائی مذاکرات کا مقصد وزارتی سطح کے مذاکرات کی تیاری ہے، جو بدھ 12 جون کو جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ہونا ہیں۔ ان مذاکرات کے ایجنڈے پر معطل شدہ تجارتی تعلقات کی بحالی، کائیسونگ کے مشترکہ صنعتی کمپلیکس کو دوبارہ کھولنے کے علاوہ دونوں ملکوں میں بٹے ہوئے خاندانوں کے ارکان کی ملاقاتوں کا سلسلہ پھر سے شروع کرنے اور جنوبی کوریا کے سیاحوں کیلئے شمالی کوریا کے پہاڑی سیاحتی مقام تک رسائی جیسے معاملات بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ دونوں ممالک میں کشیدگی میں کمی کے بعد جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے حکام کو سیول میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے لئے بلایا تھا لیکن شمالی کوریا نے کہا تھا کہ وہ پہلے نچلے درجے کے مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔