10 جون ، 2013
پیرس…رضا چوہدری …پاک فرانس دوستی ایسوسی ایشن کے زہراہتمام پیرس میں دوروزہ یورپی والی بال ٹورنامنٹ شروع ہوگیا جس میں برطانیہ ، جرمنی ،ہالینڈ بیلجیم ،ناروے ،ڈنمارک اور فرانس کی 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ٹیمیں پاکستانی نژاد نوجوانوں پر مشتمل ہیں۔ یورپ بھر سے آئے ہوئے شائقین اس والی بال ٹونامنٹ کو دیکھنے کیلئے فرانس آئے ہوئے ہیں اس موقع پر میلے کا سا سما دیکھنے میں آرہا ہے۔ والی بال ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر سارسل کے میئر اوررکن قومی اسمبلی نے کہا کہ فرانس حکومت نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات میں اضافہ کرنے کیلئے فرانس کی قومی اسمبلی میں ان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے جس میں پاکستانی نژاد چوہدری نواز مختار کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے وہ فرانس میں پاکستان کے سفیر غالب اقبال کے ہمراہ سارسل میئری میں سالانہ یورپین والی بال ٹورنامنٹ کا افتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔