دنیا
10 جون ، 2013

امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے راز افشا کرنیوالے شخص نے اپنی شناخت ظاہر کردی

امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے راز افشا کرنیوالے شخص نے اپنی شناخت ظاہر کردی

کراچی…امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے راز افشا کرنے والے شخص نے اپنی شناخت ظاہر کردی۔ نیشنل ایجنسی کے سابق عہدے دار ایڈورڈ اسنوڈن کا کہنا ہے کہ اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ برطانوی اخبار گارڈین کو انٹرویو دیتے ہوئے ایڈورڈ اسنوڈن کا کہنا تھا کہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے ایسا نظام قائم کررکھا ہے جس کے ذریعے ٹیلی فون اور انٹرنیٹ پر ہر قسم کی مداخلت ممکن ہے۔ کسی کی بھی فون کال کا ریکارڈ، ای میل، پاس ورڈ اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں حتیٰ کہ امریکی صدر، وفاقی جج اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کی فون کال اور انٹرنیٹ ریکارڈ تک ایجنسی کی رسائی ہے۔ ایڈورڈ اسنوڈن نے مزید بتایا کہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کا نیٹ ورک دنیا بھرمیں پھیلا ہوا ہے۔ ایجنسی مختلف ملکوں کی ویب سائٹیں بھی ہیک کرتی ہے۔ایڈورڈ اسنوڈن کا کہنا تھا کہ وہ ایسے ملک میں رہنا نہیں چاہتا جہاں کسی کی نجی زندگی میں مداخلت کی جاتی ہو اور لوگوں کی باتیں ریکارڈ کی جاتی ہوں۔ایڈورڈ اسنوڈن ان دنوں ہانگ کانگ میں ہے اور اس نے آئس لینڈ میں سیاسی پناہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

مزید خبریں :