18 جنوری ، 2012
اسلام آباد … سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں متعارف کرائی گئی زرعی اصلاحات کیخلاف شریعت اپیلٹ بینچ کے فیصلے پر اپیل کو لارجر بینچ میں زیر سماعت لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان ورکرز پارٹی کی طرف سے عابد حسین منٹو نے لینڈ ریفارمز کی حمایت میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے، اس میں زرعی اصلاحات ختم کرنے سے متعلق شریعت اپیلٹ بینچ کے فیصلے کو کالعدم قراردینے کی درخواست کی گئی ہے۔ چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ ایک موقع پر ریمارکس میں انہوں نے کہا کہ لینڈ ریفارمز کا مقدمہ عوامی اہمیت کا حامل ہے، یہ براہ راست شہری حقوق سے متعلق بھی ہے۔ بعد میں سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے وزیراعظم بننے کے بعد 1972 میں زرعی اصلاحت کا نفاذ کیا تھا، اس کے تحت بڑی زرعی جاگیروں پر قدغن لگاتے ہوئے حق ملکیت کی حد طے کردی گئی تھی تاکہ غریب کاشت کار اور ہاری کو زمین پر حق مل سکے۔