13 جون ، 2013
کراچی … گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات میں کے 4 اور لیاری ایکسپریس وے منصوبوں پر صوبے کے وسائل سے کام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے گورنر ہاوٴس میں ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے گورنر سندھ کو عمرے کی ادائیگی پر مبارکباد دی، ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں امن وامان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پینے کے پانی کے منصوبے کے 4 پر کام اور لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل خصوصی اہتمام کیا جارہا ہے، ان منصوبوں کیلئے وفاقی بجٹ میں رقم مختص نہیں کی گئی، صوبہ اپنے وسائل سے کام شروع کرے گا۔