پاکستان
13 جون ، 2013

حیدرآباد : لطیف آباد ٹاوٴن کا گریڈ 16 کا افسر گریڈ 18 کے عہدے پر تعینات

حیدر آباد … محکمہ بلدیات میں اندھیر نگری چوپٹ راج ، ٹاوٴن لطیف آباد کا گریڈ 16 کا افسر جعلی تقرر نامے کے ذریعے گریڈ 18 کا افسر بن کر کام کرتا رہا۔ 6 سال بعد سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے ترقیوں کو جعلی اور بوگس قرار دے کر ترقی دینے والے افسران کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔ محکمہ بلدیات سندھ کے مطابق محمد اقبال شیخ گریڈ 16 میں تعلقہ لطیف آباد میں ایڈمنسٹریٹو آفیسر کے عہدے پر تعینات تھے تاہم 2007ء میں گریڈ 16 سے گریڈ 17کا مبینہ طور پر جعلی تقرر نامے کے ذریعے پرموشن لیا،بلکہ 2012ء میں گریڈ 18 میں ترقی کا آرڈر حاصل کرکے ڈپٹی تعلقہ افسر لینڈ ہوگئے۔ ان تقرریوں کے خلاف گزشتہ روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ لطیف آباد عقیل خانزادہ نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ علی احمد لوند کو درخواست دی اور ثبوت فراہم کئے، جس پر کارروائی کرتے ہوئے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ علی احمد لوند نے 12 جون 2013ء کو حکم جاری کرتے ہوئے ڈپٹی تعلقہ آفیسر لینڈ محمداقبال شیخ کی ترقیوں کو جعلی اور بوگس قرار دیتے ہوئے منسوخ کردیا۔دوسری جانب جعلی تقرر نامے جاری کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے اس وقت کے سیکشن آفسیر سید امداد علی شاہ اور موجودہ سیکشن آفیسر تھرڈ میاں سرفراز کھیڑو سے جواب طلب کرلیا۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کے جاری کردہ احکامات ملنے کے باوجود محمد اقبال شیخ نے چارج چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔ حاصل ہونے والی دستایزات کے مطابق ٹاوٴن میونسپل ایڈمنسٹریشن لطیف آباد میں افسران کی ترقیاں سرد خانے میں ڈال دی گئیں تھیں۔

مزید خبریں :