14 جون ، 2013
فیصل آباد…فیصل آباد میں پانی کے نلکوں سے گیس نکل آئی ۔پانی کی قلت اورگیس کی لوڈشیڈنگ سے نالاں علاقہ مکین اور پریشان ہوگئے۔یہ فیصل آباد کاعلاقہ اسلام نگرہے جہاں کئی گھروں میں پانی کے نلکوں سے اچانک گیس نکل آئی ہے۔علاقہ مکینوں نے گھبراکر گیس کنکشن چیک کیے لیکن گیس لیکیج نہیں ہورہی تھی بلکہ سچ مچ پانی کے نلکوں سے گیس نکل رہی تھی۔جوآگ دکھانے پرشعلوں میں بدل رہی تھی ۔ لوگ پریشان ہیں کہ چولہوں میں گیس آتی نہیں اورنلکوں سے نکل رہی ہے اوران کاحقہ پانی بندکررہی ہے ۔ اہل محلہ نے سوئی گیس حکام تک شکایت پہنچائی جس پر سوئی گیس ٹیم نے علاقے میں پہنچ کر کھدائی کا کام شروع کردیا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ کہاں سے گیس کی لائنیں پینے کے پانی کی لائنوں سے جا ملی ہیں۔