15 جون ، 2013
لاہور…لاہورمیں رات بھر کی طوفانی بارش سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا، بارش سے شہر کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں گیارہ افراد جاں بحق ، درجنوں زخمی ہو گئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق شدید بارش کے دوران کچا کماہاں روڈ پر غریب محنت کش غلام عباس کے کوارٹر کی چھت گر گئی ، غلام عباس ، کمسن بیٹی اور بیٹا ملبے تلے دب کر چل بسے ،اہلیہ ، دو بیٹیاں اوربیٹا زخمی ہو گئے،ڈیفنس میں پنجاب اسمال انڈسٹریز کے ایک مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد دم توڑ گئے ،غازی روڈ پر گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ،فیکٹری ایریا میں گلی میں پڑے بجلی تاروں نے نوعمر لڑکے کی جان لے لی ،پیاروں کی غم ناک موت پر عزیز و اقارب آنسو بہاتے رہے ، تیز ہواوٴں اور طوفانی بارش نے شہر میں جل تھل ایک کر دیا،کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی حکومت کو پری مون سون کے لیے پہلے سے انتظامات کرنا چاہییں تھے ،محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں کے دوران پنجاب ،وسطی خیبرپختونخوا، اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔