11 مارچ ، 2012
غزہ…غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد سولہ ہوگئی ہے۔ امریکا اور یورپی یونین نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں۔آج صبح اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقے پر ایک اور حملہ کیا جس میں ایک فلسطینی جاں بحق ہوگیا۔ جمعے سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 16 فلسطینی جاں بحق اور 27 زخمی ہوچکے ہیں جن میں 5 کی حالت تشویش ناک ہے۔ مرنے والوں میں Popular Resistance Committees کے رہنما زْہیر ال قیسی بھی شامل ہیں۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیل سے اپنے کارکنوں کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اسرائیلی بستیوں پر متعدد راکٹ فائر کئے گئے ہیں۔ اسرائیلی حکام نے لوگوں کو بم شیلٹرز میں رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ تقریبات اور اجتماعات پر پابندی لگادی گئی ہے۔امریکا اور یورپی یونین نے اسرائیل اور فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔