20 جون ، 2013
لندن … ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی پولیس نے 55 گھنٹے تک لندن میں 2 مکانوں کی تلاشی لی، کئی دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں، ایک مکان متحدہ کے قائد الطاف حسین کی ملکیت ہے۔ میٹرپولیٹن پولیس ترجمان کے مطابق لندن پولیس نے 55 گھنٹے تک دونوں مکانوں کی تلاشی لی، تلاشی سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جا ئیں گئی۔ ترجما ن کا کہنا تھا کہ میٹرو پولٹین پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے اہلکاروں نے دونوں مکانات کی تلاشی لی ہے۔ ذرائع کے مطابق میٹرو پولیٹن پولیس نے طویل سرچ آپریشن ایجویئر کے قریبی علاقے میں کیا جبکہ دوسرا مکان نارتھ ویسٹ لندن میں واقع تھا، بتایا جاتا ہے کہ جن گھروں کی تلاشی لی گئی ان میں سے ایک الطاف حسین کے نام رجسٹرڈ ہے جبکہ دوسرے گھرکی ملکیت کا پتانہیں چل سکا۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کو ستمبر 2010ء میں لندن میں قتل کردیا گیا تھا۔