20 جون ، 2013
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 13 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ کراچی کے علاقے شیرشاہ میں گلبائی پل پر سائٹ بی تھانے کے 2 اہلکاروں مشتاق احمد اور آفتاب نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر گاڑی میں سوار افراد نے ان پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے آفتاب جاں بحق ہو گیا جبکہ مشتاق احمد کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ کھارادر میں فائرنگ کر کے پولیس اہلکار محمد راشد کو قتل کردیا گیا۔ ملیر غازی گوٹھ میں خرم نامی شخص کوگولیاں مار کر قتل کردیا گیا جو بلوچستان کے علاقے جیوانی کا رہائشی تھا، پولیس کے مطابق واقعہ دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔ گھاس منڈی میں فائرنگ کر کے ارشاد عرف سنی نامی نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر 5 ایل میں فائرنگ کر کے مذہبی جماعت کے کارکن خالد کو قتل کردیا گیا۔ کٹی پہاڑی کے قریب فائرنگ کر کے لال بادشاہ نامی شخص کو ہلاک کردیا گیا۔ اورنگی ٹاوٴن میں اسلام چوک کے قریب فائرنگ کر کے محمد کلیم کو قتل کردیا گیا، مقتول عباسی اسپتال کا ملازم اور سیاسی جماعت کا کارکن تھا۔ سہراب گوٹھ کے قریب فائرنگ کر کے نور محسود کو قتل کردیا گیا۔ گارڈن دھوبی گھاٹ اور ماری پورروڈ پر کراوٴن سینما کے قریب سے 3 افراد کی بوری بند تشدد زدہ لاشیں ملیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔