20 جون ، 2013
کوئٹہ … وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ آج کا بجٹ ہم نے عوامی توقعات کو مد نظر رکھ کر بنایا ہے، ہمیں امن و امان کی صورتحال کا مسئلہ درپیش ہے جسے بہتر بنانے کیلئے ہم تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ بلوچستان اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم تبدیلی کی بجائے اہداف حاصل کرنے اور اپنی کارکردگی کو بہتربنانے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بجٹ خسارے کو غیرترقیاتی اخراجات میں کمی کرکے پورا کریں گے۔ امن و امان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن وامان کے قیام کیلئے لیویز کے 2 ہیڈ کوارٹرز قائم کئے گئے ہیں، ہمیں امید ہے کہ اگر امن و امان کے قیام میں کوئی کمی ہوگی تو ہم بہتری لانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔