12 مارچ ، 2012
جدہ … سعودی وزارت حج نے اجازت یافتہ سعودی اداروں اور کمپنیوں کو اس امر کا پابند بنایا ہے کہ وہ ہوٹلوں میں معتمرین کے گروپ میں شامل مرد و خواتین کو الگ الگ ٹھہرائیں یہ پابندی شرعی ضوابط کے تحت لگائی گئی ہے۔ سعودی وزارت حج کے مطابق عمرہ کمپنیوں اور اداروں کو معتمرین کی آمد و رفت، ان کی رہائش اور انہیں جدہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ لانے و لے جانے سے متعلق تمام ضوابط تحریری طور پر والے کردئے گئے ہیں اس ضمن میں عمرہ کمپنیوں او ا داروں کے کارکنان سے متعلق قواعد و ضوابط بھی جاری کئے گئے ہیں۔ وزارت حج نے اس امر پر زور دیا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران عمرہ موسم میں اداروں اور کمپنیوں سے جو غلطیاں خامیاں اور کوتاہیاں سرزد ہوئیں ان کا تدارک کیا جائے اور اس سال ان شکایات کو نہ دہرایا جائے۔ اس ضمن میں کسی بھی وزارت یا کسی بھی کمپنی کے اہلکاروں پر انحصار نہ کیا جائے ہر عمرہ کمپنی اور ہر ادارہ اپنے معتمرین کے جملہ امور سے متعلق خود جوابدہ ہوگا۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کوئی معتمر ہوائی اڈے یا بندرگاہ پر پہنچتا ہے اور اس سے متعلق پہلے سے معلومات مہیا نہیں تھیں تو ایسی صورت میں نگراں کمیٹیاں معتمر کے حوالے سے مناسب کارروائی کی پابند ہونگی نگراں کمیٹیاں ہی معتمر کو عارضی رہائش فراہم کرینگی اور وہی انہیں ان کی کمپنی یا ادارے کے حوالے کرے کی پابند ہونگی۔