26 جون ، 2013
لاہور…امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف امریکہ بھارت گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہے۔جان کیری کی جانب سے بھارت کوافغانستان کے میں فعال کردار ادا کرنے کی دعوت خطے کاامن تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عاقبت نااندیش حکمرانوں نے امریکی جنگ میں شامل ہو کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان کے موجودہ حکمران بھی مشرف اور زرداری کے نقش قدم پر چل رہے ہیں اور امریکی ایما پر بھارت کو ” بڑا بھائی “ تسلیم کرنے پر تیار نظر آتے ہیں جبکہ بھارت پاکستان کے خلاف اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے ہر وقت موقع کی تلاش میں رہتاہے۔ سید منورحسن نے کہاکہ پاکستان کو افغان جنگ کا بھاری نقصان برداشت کرناپڑا۔ہماری آزادی و خودمختاری کا مذاق اڑایا گیا۔ عالمی برادری میں قومی وقار کو پامال کیا گیا۔ دہشتگردی کے خلاف خالص امریکی جنگ میں ہمارے پچاس ہزار سے زائد شہری لقمہ اجل بن گئے، معیشت تباہ ہو گئی۔ پاکستان کو اس جنگ میں کودنے کا بدترین خمیازہ بھگتناپڑا اور قریباً 80 سے 100 ارب ڈالر کا معاشی نقصان اٹھاناپڑا لیکن حکمران امریکی اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ امریکہ پاکستان کی سا لمیت کے خلاف بھارتی و اسرائیل سازشوں کی سرپرستی کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ 2014 میں افغانستان چھوڑنے سے پہلے امریکہ بھارت کو افغانستان میں اپنا قائم مقام بنانا چاہتاہے۔بھارت کی ڈیڑھ لاکھ فوج کی افغانستان میں تعیناتی کی باتیں ہورہی ہیں۔