13 مارچ ، 2012
کراچی… کراچی اولڈ سٹی مارکیٹس ایسوسی ایشن نے بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم ، بھتہ خوری اور ٹیکس اداروں کی جانب سے بھیجے جانے والے نوٹسسز کے خلاف تاجروں کا ہنگامی اجلاس بدھ کو طلب کرلیا ہے۔اولڈ سٹی الائنس کے رہنما ہارون رشید چاند نے جیونیوز کو بتایا کہ اولڈ سٹی کی مارکیٹس جوڑیا بازار ، برتن بازار ، کھجور بازار ، موتن داس مارکیٹ اور میٹھادر صرافہ مارکیٹ کے علاقوں میں بھتہ کی پرچیوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بھی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہیں۔ جس سے کاروباری سرگرمیاں کم ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ ہارون رشید چاند کے مطابق ایک طرف تو تاجر اس لوٹ مار سے تنگ ہیں تو دوسری طرف ایف بی آر نے تاجروں کو نوٹسسز بھیجنا شروع کردیئے ہیں جس سے تاجروں میں مزید اشتعال پیدا ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس تمام صورتحال پر اولڈ سٹی کی مارکیٹو ں نے مشتر کہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس بدھ کی شام بلایا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔