14 مارچ ، 2012
پشاور… چترال سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن حاجی غلام محمد نے مستوج کو فوری طور پر ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔پشاور میں جیو نیوز سے گفت گو میں بالائی چترال سے مسلم لیگ ق کے ایم پی اے غلام محمد کا کہنا تھا کہ سب ڈویژن مستوج ساڑھے آٹھ ہزار مربع کلو میٹر رقبے پر پھیلا ہوا صوبے کا سب سے بڑا انتخابی حلقہ ہے۔ بروغل، لاسپور، تریچ اور ریچ کے دور دراز علاقوں سے مریضوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال چترال پہنچاتے ہوئے اکثر راستے میں ہی دم توڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ امیرحیدر ہوتی نے گذشتہ سال اپنے دورہ چترال کے موقع پر مستوج کو ضلع کادرجہ دینے کا عوام سے وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے اپنا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔