14 اگست ، 2013
اسلام آباد … آج رات دریائے چناب میں ہیڈمرالہ، ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادرآباد سے بڑا سیلابی ریلہ گزرنے کا امکان ہے، اس وقت ہیڈمرالہ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں شدید بارشوں سے نالہ ڈیک پھر سے بپھر گیا ہے۔ فلڈ کنٹرول سینٹر نے دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر 4 سے 5 لاکھ کیوسک سیلابی ریلا گزرنے کی فلڈ وارننگ جاری کردی، اس وقت یہاں اونچے درجے کا سیلاب ہے ، پانی کی سطح 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک تک جاپہنچی ہے۔ ہیڈ خانکی کے مقام پر ایک لاکھ 57 ہزار کیوسک کے ساتھ درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ فلڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق آج رات دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ، ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادر آباد کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہوگا، یہ سیلابی ریلے تونسہ بیراج سے ہوتے ہوئے کل تک ہیڈ تریموں کی طرف جائیں گے، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے نالہ ڈیک پھر بپھر گیا ہے۔ نالے سے بہنے والے پانی نے پسرور اور نارووال میں شدید تباہی مچائی، 40 سے زائد دیہات پانی میں ڈوب گئے، نارووال پسرورروڈ ٹریفک کیلئے بند ہوگیا۔ گوجرانوالہ کے نواحی گاوٴں واہنڈو کے مقام پر نالہ ڈیک میں 11 شگاف پڑنے سے پانی ملحقہ دیہات میں داخل ہوگیا۔ پنجاب کے ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 1993ء کے بعد 4 سے 5 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا دریائے چناب سے گزرے گا، چنیوٹ، جھنگ اور سمندری میں دریا کنارے آباد شہریوں کو منتقلی کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ ضلعوں کی انتظامیہ کو آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد 6 لاکھ 25 ہزار 332 کیوسک ریکارڈ کی گئی جبکہ اخراج 6 لاکھ 7 ہزار 382 کیوسک ہے۔ دوسری جانب ترجمان خیبرپختونخوا کے پی ڈی ایم اے کے مطابق نوشہرہ کے لئے بھی فلڈ وارننگ جاری کی گئی ہے، جہاں نوشہرہ کلاں اور دریا کنارے رہنے والے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سوات میں چارسدہ کے مقام پر پانی کا بہاوٴ 84 ہزار کیوسک سے بڑھ گیا، جس کے بعد موٹر وے کے قریبی دیہات میں فلڈ وارننگ جاری کی گئی، پانی کا ریلا 3 سے 4 گھنٹوں میں نوشہرہ پہنچے گا، نوشہرہ میں پانی کا بہاوٴ ڈیڑھ لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے، چارسدہ اور پشاور کی ضلعی انتظامیہ کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔