16 مارچ ، 2012
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…صدر پاکستان آصف علی زرداری کل ہفتہ 17مارچ 2012ء کوپا رلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے پانچویں بار خطاب کرنے والے پہلے پاکستانی صدر ہوں گے ۔26جولائی1955کو کراچی میں پیدا ہونے والے صدر آصف علی زردار ی 6ستمبر2008ء کو پاکستان کے گیارہویں صدر منتخب ہوئے اور9ستمبر2008کو انہوں نے عہدہ صدارت کا حلف اٹھایا۔انہوں نے پارلیمنٹ سے اپنا پہلا خطاب20ستمبر2008کو کیا،اس کے فوری بعد وہ نیویارک تشریف لے گئے جہاں انہوں 26ستمبر2008کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکا جلاس سے دوسرا خطاب28مارچ 2009،تیسرا 5اپریل2010جب کہ چوتھا 22مارچ2011کو کیا۔ 1987میں بے نظیر بھٹو سے شادی کے بعد سیاسی حلقے میں اپنا نام متعارف کرانے والے صدر آصف علی زرداری 1990میں قومی اسمبلی اور1997میں سینٹ کے رکن بنے۔1993سے1996کے دوران مختلف وفاقی وزارتوں پر براجمان بھی رہے۔1996میں کرپشن کے الزامات میں قید ہوئے اور2004میں رہا ہوئے۔صدر پاکستان آئین کے آرٹیکل 56 کے تحت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
آئین پاکستان کا آرٹیکل 56 کہتا ہے کہ
شق 1کے تحت صدرکسی ایک ایوان یا یکجا (مشترکا) دونوں سے خطاب کرسکے گا اوراس غرض کے لئے ارکان کی حاضری کا حکم دے سکے گا۔
شق2کے تحت صدر کسی بھی ایوان کو،خواہ مجلس شوریٰ(پارلیمنٹ) میں اس وقت تک زیر غور کسی بل کی نسبت یا بصورت دیگر پیغامات بھیج سکے گا،اور کوئی ایوان جسے کوئی پیغام بایں طور بھیجا جائے جملہ مناسب مستعدی کے ساتھ کسی ایسے معاملے پر غور کرے گا جس پر غور کرنے کے لئے پیغام کے ذریعے حکم دے دیا گیا ہو۔
شق 3 کے تحت قومی اسمبلی کے لئے ہر عام انتخاب کے بعد پہلے اجلاس کے آغاز پر اور ہر سال کے پہلے اجلاس کے آغاز پر صدر یکجا ایوانوں سے خطاب کرے گا اور مجلس شوریٰ(پارلیمنٹ) کو اس کی طلبی کی وجوہ سے آگاہ کرے گا۔
شق4کے تحت کسی ایوان کے ضابطہ کار اور اس کی کارروائی کے انصرام کو منضبط کرنے کے لئے قواعد میں صدر کے خطاب میں محولہ معاملات پر بحث کرنے کے لئے وقت کا تعین کرنے کے لئے حکم وضع کیا جائے گا