17 اگست ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وفاقی اورصوبائی حکومت سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ لیاری کی کچھی برادری کوتحفظ فراہم کیاجائے اورانہیں تحفظ فراہم کرکے انہیں ان کے گھروں پر آبادکیاجائے۔انہوں نے یہ مطالبہ ہفتہ کومیرپورخاص زون میں ذمہ داران وکارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے لیاری میں دہشت گردوں کے مظالم کی وجہ سے بیدخل کئے گئے کچھی برادری کے افرادکی ان کے گھروں پر فوری بحالی کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ کچھی برادری کے ساتھ کئے جانے والے مظالم قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہاکہ کچھی برادری کے لوگ قیام پاکستان سے پہلے کراچی کے مختلف علاقوں میںآ بادہیں اوریہ انکے آباوٴاجداد کی سرزمین ہے۔یہ ظلم کی انتہاہے کہ آج کے دورمیں بھی ان لوگوں کومسلح حملوں کاسامناہے اوراپنے گھروں سے بیدخل ہوناپڑاہے۔ کچھی برادری کے ہزاروں نوجوان،بزرگ، عورتیں بچے سندھ کے مختلف علاقوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبورہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ کچھی برادری کوبیدخل خاندانوں کوانکے گھروں پرآباد کیاجائے۔دریں اثناء الطاف حسین نے ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی بلدیہ ٹاؤن یوسی 2کے یونٹ انچارج نذیر حسین لغاری کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایک ایک کارکن آپ کے غم میں برابر کا شریک ہے ،انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نذیر حسین لغاری شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ #علاوہ ازیں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے موٹر سائیکل پر سوار مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے نذیر حسین لغاری کے سفاکانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بہیمانہ قتل کی اس واردات کو شہر کا امن غارت کرنے کی سازش کا تسلسل قرار دیا ہے۔رابطہ کمیٹی نے نذیر حسین لغاری شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ نذیر حسین لغاری کے بہیمانہ قتل میں ملوث مسلح دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے ۔