19 جنوری ، 2012
ڈھاکہ… بنگلہ دیش پریمئر لیگ کی 6 فرنچائزز کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا‘ سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کو ڈھاکہ نے 7 لاکھ ڈالر کے عوض خرید لیا‘ سعید اجمل‘ رانا نویدالحسن‘ شعیب ملک‘ عبدالرزاق‘ احمد شہزاد اور کامران اکمل کو بھی مختلف فرنچائزز نے خرید لیا۔ جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں بنگلہ دیش پریمئر لیگ کی 6 فرنچائزز کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا۔ نیلامی کے دوران 180 کھلاڑیوں کی بولی لگائی گئی۔ ہر فرنچائز کا ایک نمائندہ بولی میں شریک ہوا جس کی میزبانی کیرس میڈن نے کی۔ 17 غیر ملکی کھلاڑیوں کو اے زمرے‘ 36 کو بی زمرے اور 68 کو سی زمرے میں رکھا گیا۔ بنگلہ دیش کے 6 قومی کھلاڑی اے‘ 12 بی اور 68 سی زمرے میں شامل کئے گئے۔ مقامی کھلاڑی بنیادی نیلامی کی رقم اے زمرے میں 45 ہزار ڈالر‘ بی میں 30 ہزار ڈالر اور سی میں 20 ہزار ڈالر تھی جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی بنیادی نیلامی کی رقم اے میں ایک لاکھ ڈالر‘ بی میں 50 ہزار ڈالر‘ سی میں 25 ہزار ڈالر تھی۔ سب سے زیادہ بولی سابق پاکستانی کپتان آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی لگائی گئی جنہیں ڈھاکہ نے 7 لاکھ ڈالر کے عوض خرید لیا۔ سابق ویسٹ انڈین کپتان کرس گیل دوسرے نمبر پر رہے جن کی نیلامی 5 لاکھ 51 ہزار ڈالر میں ہوئی۔ چٹاگانگ نے شعیب ملک کی نیلامی ڈیڑھ لاکھ ڈالر میں کی جبکہ رانا نویدالحسن‘ عبدالرزاق‘ سعید اجمل اور کامران اکمل کو ایک ایک لاکھ ڈالر میں خریدا گیا۔ احمد شہزاد کی بولی 50 ہزار ڈالر لگائی گئی۔
۔