22 اگست ، 2013
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…کراچی کی ایک مسلمان خاتون نے بھارت میں ایک ہندو شخص کو راکھی باندھی جسے وہ اپنا بھائی سمجھتی ہے۔ شاہدہ نے رکھشا بندھن کے موقع پر راکھی باندھنے کے ساتھ لارڈ گنیش کی مورتی بھی اسے تحفے میں دی۔ بھارتی میڈیا نے خبر رساں ادارے کے حوالے سے لکھا ہے کہ پاکستانی خاتون شاہدہ خلیل کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں جب اسے مدھیا پردیش کے علاقے ہارڈا میں ایک ہندو شخص کو راکھی باندھنے کے لئے کراچی سے بھارت کے سفر کا موقع ملا۔ پانچ سال کی کوشش کے بعد45برس کی خاتون شاہدہ نے بھارت کا ویزہ حاصل کیا اور اپنے کزن کے دوست پنکج بافنا کو راکھی باندھی۔ خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے شاہدہ نے بتایا کہ وہ ویزہ حاصل کرنے کے لئے پانچ سال سے کوشش کررہی تھی اور آخر کار اسے تین دن قبل بھارت کا ویزہ ملا۔اس کا کہنا تھا کہ اس کا خاندان تیس سال قبل پاکستان ہجرت کر گیا تھا۔ تاہم ان کے چچا ہارڈا میں ہی مقیم رہے۔شاہد ہ کا کہنا تھا کہ بچپن میں وہ یہاں آئی تھی، تاہم ایک طویل عرصے کے بعد وہ دوبارہ یہاں آئی۔پنکج ان کے کزن دلیپ خان کے دوست ہیں جنہوں نے رکھشا بندھن کے موقع پر اسے مدعو کیا،رواں برس اسے بھارت آنے کا موقع ملا اور اس نے پنکج کو راکھی باندھی۔46سال پنکج شاہدہ کے آنے پر بہت خوش ہے ۔ شاہد ہ نے اسے لارڈ گنیش کی مورتی بھی تحفے میں دی۔پنکج کی والدہ اندوبالا کا کہنا تھا کہ شاہد ہ اور اس کے بیٹے کی محبت ہر ایک کے لئے مثال ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہنے کی دعا کرتے ہیں۔