22 اگست ، 2013
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 سے نامزد امیدوار غلام احمد بلورسے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں ضمنی انتخاب میں کامیابی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ غلام احمد بلور سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ آپ کی کامیابی روشن خیال، جمہوریت پسند، قربانیاں دینے اور باطل قوتوں کے آگے نہ جھکنے والوں کی فتح ہے ۔ الطاف حسین نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی، اے این پی کے تمام رہنماوٴں ، کارکنوں اور غلام احمد بلور کے اہل خانہ کو بھی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابی بشیراحمدبلورشہید سمیت اے این پی کے تمام شہید رہنماوٴں اورکارکنوں کی قربانیوں کاثمر ہے اوراس کامیابی سے مجھے اور میرے ساتھیوں کو بہت خوشی ہوئی ہے ۔ غلام احمد بلور نے الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی آپ نے مجھے یاد کیا، اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے اورہم سب کو ملک وقوم کی خدمت کرنے کی ہمت اور طاقت عطافرمائے۔(آمین)۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے ضمنی انتخابات 2013ء میں مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی اوراے این پی سمیت دیگر جماعتوں کے امیدواروں کی کامیابی پر انہیں زبردست مبارکبادپیش کی ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ہے کہ فوج کی نگرانی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کو دل سے تسلیم کرکے ایک دوسرے کوحاصل عوامی مینڈیٹ کا کھلے دل سے احترام کیاجائے۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ ووزیراعظم پاکستان نوازشریف، مسلم لیگ کے تمام رہنماوٴں، پیپلزپارٹی کے کوچیئرمین وصدرپاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلزپارٹی کے تمام رہنماوٴں ، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی، اے این پی کے تمام رہنماوٴں اور دیگر جماعتوں کے سربراہان اور رہنماوٴں کو ان کی جماعت کے امیدواروں کی کامیابی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ پاکستان انتہائی نازک دورسے گزررہا ہے اورملک وقوم کو اندرونی وبیرونی خطرات لاحق ہیں ، ان حالات میں ملک وقوم کسی بھی قسم کی محاذآرائی کے متحمل نہیں ہوسکتے لہٰذا وہ نہ صرف انتخابی نتائج کھلے دل سے تسلیم کریں اور ایک دوسرے کو حاصل عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں۔