17 مارچ ، 2012
واشنگٹن . . . بچوں اورخواتین سمیت 16افغان شہریوں کو ہلاک کرنے والے امریکی فوجی اہل کار کی شناخت ظاہرہوگئی۔ فوجی اہل کار کا نام رابرٹ بیلز ہے۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایاہے کہ بے گناہ افغان شہریوں کی ہلاکت میں ملوث امریکی فوجی کا نام رابرٹ بیلز ہے جسے ریاست کنساس کے فوجی اڈے منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ابھی اس پرفردجرم عائد نہیں کی گئی ہے۔38 سال کے امریکی اسٹاف سارجنٹ بیلزکو واقعے کے بعد افغانستان سے نکال کر کویت لے جایا گیا تھا۔ وہ گزشتہ برس دسمبرسے 3rd Stryker Brigade میں تعینات تھا۔رابرٹ بیلزنے گزشتہ اتوار قندھارمیں فوجی اڈے کے باہرگھروں میں گھس کراندھادھند فائرنگ کرکے بچوں اورخواتین سمیت سولہ افغان شہریوں کوموت کے گھاٹ اتاردیاتھا۔افغان حکام نے قاتل فوجی کے خلاف افغانستان میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔