17 مارچ ، 2012
ملتان … ملتان میں پیشی پر آئے ڈسٹرکٹ جیل کے قیدیوں نے بخشی خانہ میں جیل انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جیل میں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور جیل مینوئل کے مطابق سہولتیں نہیں دی جاتیں۔ اس موقع پر قیدیوں نے اپنے جسم پر تشدد کے نشانات بھی دکھائے۔ قیدیوں کے الزام پر ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ ملتان چوہدری سلطان علی کا کہنا تھا کہ جیل میں کسی قیدی پر تشدد نہیں کیا جاتا۔ تاہم دو روز قبل دوقیدیوں میں لڑائی ہوئی تھی جس پر چند قیدیوں کے ساتھ سختی برتی گئی تھی۔ جبکہ قیدیوں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر قیدی آپس میں لڑتے تو آج اکٹھے جیل انتظامیہ کے خلاف احتجاج نہیں کرتے۔ انہوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی برطرفی کا بھی مطالبہ کیا۔