28 اگست ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کھارادر کے علاقے میں گینگ وارکے مسلح دہشت گردوں کی وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیوایم کے ایک کارکن فرحان اوردوہمدردوں کے بہیمانہ قتل اوردہشت گردی کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ لیاری گینگ وار کے مسلح دہشت گردوں نے لیاری، کھارادر، رنچھوڑلائن اوراطراف کے علاقوں میں دہشت گردی کابازارگرم کررکھاہے اوریہ دہشت گرد روزانہ ایم کیوایم کے کارکنوں، کچھی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے معصوم عوام اوردیگر ہمدردوں کومسلسل دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں ۔ آج گینگ وار کے دہشت گردوں نے کھارادرکے علاقے میں واقع جماعت خانہ کے قریب کمپاوٴنڈ میں گھس کروہاں اندھادھندفائرنگ کی جسکے نتیجے میں ایم کیوایم آگرہ تاج کالونی سیکٹر کے کارکن فرحان شہیداوردیگرکارکن زخمی ہوگئے ۔کچھ عرصہ قبل دہشت گردوں نے فرحان شہیدکے بھائی فیضان کوبھی فائرنگ کرکے شہیدکردیاتھا۔ گینگ وار کے ان دہشت گردوں نے آج پورے علاقے میں مکینوں پر اندھادھندفائرنگ کی اورگھروں پر دستی بموں سے حملے کئے جسکے نتیجے میں ایم کیوایم کے دوہمدرد محمدسلیم ولدغلام رسول اور محمد عباس ولدلال خان بھی شہیداورکئی معصوم افرادزخمی ہوگئے جن میں ناصرولدعبداللہ اورعمیرولدسلیمان بھی شامل ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ علاقے میں گزشتہ کئی روزسے لیاری گینگ وارکے درندہ صفت دہشت گرد وں نے وحشت وبربریت کابازارگرم کرکھاہے لیکن نہ توپولیس اورنہ ہی رینجرزاورنہ ہی قانون نافذ کرنے والا کوئی بھی ادارہ سیاسی کارکنوں،علاقے کے معصوم عوام اورتاجربرادری کوجان ومال کاتحفظ فراہم کرنے والانہیں ہے ،ایسالگتاہے کہ شہر میں پولیس، انتظامیہ اورحکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔یہی وہ سنگین حالات ہیں جسکے باعث قائدتحریک الطاف حسین نے آج وفاقی حکومت سے یہ مطالبہ کیا کہ کراچی میں قیام امن اورشہریوں کو جان ومال کاتحفظ فراہم کرنے کیلئے فوج کوتعینات کیاجائے ۔آج کھارادرمیں پیش آنے والے وحشت وبربریت کے اس واقعہ نے ایک بارپھراس بات کوپایہء ثبوت کوپہنچادیاہے کہ حکو مت سندھ معصوم شہریوں کودہشت گردی کانشانہ بنانے والے درندہ صفت دہشت گردوں ا ورجرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کررہی ہے اوراسے شہرکے امن ،عوام اورتاجربرادری کی جان ومال کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیاکہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں اوردیگرمعصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل اوردہشت گردی کے واقعات کا نوٹس لیاجائے اورشہرمیں قیام امن کیلئے فی الفورفوج کوتعینات کیاجائے ۔