پاکستان
17 مارچ ، 2012

پاکستانی صدر کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں کا دعویٰ ،امریکی اخبار

 پاکستانی صدر کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں کا دعویٰ ،امریکی اخبار

کراچی… محمد رفیق مانگٹ…امریکی اخبار نے خبر رساں ادارے کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستانی صدر نے عسکریت پسندوں کے خلاف کامیابیوں کا دعویٰ کیا ہے انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر فخر کا اظہار بھی کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس مسلسل پانچویں بار خطاب کیا۔وہ ملکی تاریخ کے پہلے منتخب صدر ہیں جنہوں نے ایک ہی پارلیمنٹ سے یہ اعزاز حاصل کیا۔انہوں نے اسی پارلیمنٹ سے اپنا پہلا خطاب20ستمبر2008، دوسرا 28مارچ 2009،تیسرا 5اپریل2010جب کہ چوتھا 22مارچ2011کو کیا۔غیر منتخب صدور میں سے سابق فوجی آمر ضیاالحق اور غلام اسحاق خان پانچ پانچ بار پارلیمان سے خطاب کر چکے ہیں۔ ماضی میں اسمبلی توڑے جانے کے سبب پانچ مرتبہ صدر کے خطاب کی نوبت ہی نہیں آتی تھی۔ پرویز مشرف کے دور میں قومی اسمبلی نے پانچ برس پورے تو کیے لیکن ایک بار حزب مخالف کی جانب سے گھیراوٴ کرنے اور شدید احتجاج کے بعد پرویز مشرف دوبارہ پارلیمان سے خطاب کرنے نہیں آئے۔ صدر آصف علی زرداری کے پانچویں خطاب کے اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کی۔اجلاس کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد قرآن کی تلاوت کی گئی۔ تلاوت کے اختتام کے ساتھ ہی حزب اختلاف کی جانب سے حکومت مخالف نعرے شروع ہو گئے۔پارلیمان کا مشترکہ اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان پارلیمنٹ ہاوٴس صدر کا خطاب سننے کے لیے موجود تھے۔ جبکہ خطاب کے دوران حزب اختلاف کی جانب سے نعرے بازی کی جا تی رہی۔پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ پاکستان آئین کے آرٹیکل 56 کے تحت صدرِ مملکت پر لازم ہے کہ وہ نئے پارلیمانی سال کے آغاز کے موقع پر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں۔

مزید خبریں :