پاکستان
17 مارچ ، 2012

افغان امن مذاکرات میں تعطل امریکااور پاکستان کو آمنے سامنے لاکھڑا کریگا

افغان امن مذاکرات میں تعطل امریکااور پاکستان کو آمنے سامنے لاکھڑا کریگا

کراچی… محمد رفیق مانگٹ…افغان طالبان کی طرف سے امریکی مذاکرات کی معطلی امریکااور پاکستان کو آمنے سامنے لاکھڑا کرے گا۔ اگر دوحہ امن بات چیت کی معطلی مستقل ثابت ہوئی تواس کا نتیجہ پراکسی وار کی صورت میں نکلے گا، جس میں امریکا اور اس کے نیٹو اتحادی ایک طرف اور دوسری طرف پاکستانی فوج اور انٹیلی جنس ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار جنوبی ایشیائی امور کے ماہر بروس او ریڈل نے امریکی جریدے’نیوزویک‘ میں شائع اپنے ایک مضمون میں کیا۔ مضمون نگار سی آئی اے،پینٹاگان اور امریکی قومی سلامتی کونسل کیلئے بھی کام کرچکے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے طالبان کی طرف سے تعطل نے نیٹو کو پاکستان کے ساتھ ٹکڑاوٴ کے راستے پر ڈال دیا ہے ۔افغان طالبان سے مذاکرات کی معطلی افغان جنگ کے ایک سیاسی عمل کیلئے ایک سنگین دھچکا ہے جس سے پاکستان کے ساتھ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مابین تنازعات شدت اختیارات کرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں ۔مضمون نگار لکھتا ہے کہ امریکا نے افغان کوئٹہ شوری کے ساتھ اعتمادی سازی کے لئے امن منصوبے کے تحت گوانتا نامو بے میں قید پانچ طالبان جنگجووٴں کو قطر کی تحویل میں دینا تھا۔ دوحا منتقل ہونے کے بعدان قیدیوں کی اپنے اہل خانہ سے ملاقات بھی طے تھی ،طالبان نے 5 قیدیوں کی رہائی کے عمل کو امریکی سست روی کا جواز بنا کر مذاکرات معطل کردیے ۔طالبان ترجمان کے مطابق طالبان صرف قیدیوں کے تبادلے اور قطر میں سیاسی دفتر قائم کرنے پر بات کرنا چاہتے ہیں جبکہ امریکا وسیع تر معاملات پر بات کرنا چاہتا ہے۔طالبان نے اپنے بیان میں قیدیوں کے متعلق کیے گئے وعدوں پر ناکامی بتائی ۔ افغان طالبان کا مذاکرات کی معطلی کی وجہ کے پس منظر میں میرین پیشاب ویڈیو، قرآن پاک کا نظر آتش اور ایک جنونی امریکی فوجی کی طرف سے معصوم لوگوں کے قتل کے واقعات کا تسلسل بھی شامل ہے۔ لیکن طالبان نے مذاکرات کی معطلی کی وجہ ان واقعات کو نہیں بنایا۔ انہوں نے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔مضمون نگار کے مطابق نیٹو کی طرف سے چار ہزار جنگجووٴں کی تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا کہ طالبان جنگی کارروائیوں کو جاری رکھنے کیلئے سالانہ ایک سو سے ڈیڑھ سو ملین ڈالر کی ضرور ت ہوگی۔

مزید خبریں :