پاکستان
17 مارچ ، 2012

یاسین ملک کی اہلیہ نے میمو کمیشن میں فریق بننے کی درخواست دے دی

یاسین ملک کی اہلیہ نے میمو کمیشن میں فریق بننے کی درخواست دے دی

اسلام آباد … یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے میمو کمیشن میں فریق بننے کی درخواست دے دی جس میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ منصور اعجاز نے یاسین ملک کی را کے چیف سے ملاقات کرانے کا بے بنیاد الزام عائد کیا، ریکارڈ درست کرانا چاہتے ہیں۔ یاسین ملک کی اہلیہ کی جانب سے میمو کمیشن کو جمع کرائی گئی درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ یاسین ملک کا میمو کمیشن سے کوئی تعلق نہیں، وہ ریکارڈ کی درستگی اور حقائق تک پہنچنے کیلئے کمیشن کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری نے کہا کہ یاسین ملک کو کمیشن میں پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ یاسین ملک اس کیس کاحصہ نہیں، فریقین متفق ہوں تو منصور اعجاز کے بیان میں یاسین ملک سے متعلق حصہ حذف کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مشال کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شوہر سے رابطہ کر کے کمیشن کو آگاہ کر دیں۔ مشال یاسین نے شوہر سے رابطہ کے بعد بتایا کہ یاسین ملک خود پیش ہو کر وضاحت کرنا چاہتے ہیں اس کے بعد الفاظ کو کارروائی سے حذف کر دیا جائے جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یاسین ملک کمیشن میں پیش ہوئے تو پھر یہ کارروائی کا حصہ رہے گا، ان کیلئے بہتر ہے کہ وہ نہ آئیں۔ انہوں نے مشال یاسین کو ہدایت کی کہ وہ دوبارہ اپنے شوہر سے رابطہ کر کے کل تک کمیشن کو بتا دیں۔

مزید خبریں :