19 مارچ ، 2012
گوجرانوالہ … گوجرانوالہ میں ڈاکووٴں نے دولہا کی گاڑی روک کرنوبیاہتا جوڑے سے زیورات اورنقدی لوٹ لی۔ باراتیوں کا دعویٰ ہے کہ جائے واردات سے چند قدم کے فاصلے پرموجود پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ گوجرانوالہ میں دولہا دلہن نے زندگی کا نیا سفر شروع کیا ہی تھا اوردولہا اپنی نئی نویلی دلہنیا کوبیاہ کرخوشی خوشی گھرجارہاتھاکہ لٹیروں نے سفینہ لوٹ لیا۔ تتلے عالی روڈ پر ڈاکووٴں نے بارات روک لی۔نوبیاہتا دلہن سے 20 تولے طلائی زیورات،90 ہزار روپے نقداور باراتیوں سے بھی جو کچھ ملا لوٹ لیا گیا۔ باراتیوں نے بتایا کہ ڈاکووٴں نے زیورات چھیننے کے دوران دلہن پر تشدد بھی کیا۔باراتیوں کا کہناہے کہ واردات کے دوران ڈاکووٴں نے ہوائی فائرنگ بھی کی،مگر چند قدم کے فاصلے پر پولیس موبائل میں موجود اہلکار گویا سماعت و بصارت سے محرومی کی تصویر بنے رہے۔سی پی او گوجرانوالہ کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔اور واردات کے وقت پولیس اہلکاروں کی موجودگی کی بھی تحقیقات کرائی جارہی ہیں۔