19 فروری ، 2025
امریکا نے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سب سے کم اسکور کا کامیابی سے دفاع کرنے کا نیا ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔
امریکی کرکٹ ٹیم نے منگل کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے میچ میں عمان کو شکست دے کر یہ کارنامہ سر انجام دیا۔
اومان کے ال امیرات کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں اومان نے ٹاس جیت کر امریکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
امریکا کی پوری ٹیم اومان کے خلاف 36 ویں اوور میں 122 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
اومان کی جانب سے شکیل احمد نے3، عامر کلیم 2، شری واستوو 2، جے اودیدرا اور سدھارتھ نے ایک ایک وکٹ لی۔
123 رنز کے ہدف کے جواب میں اومان کی ٹیم 26 ویں اوور میں صرف 65 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
امریکا کی جانب سے نوستھوش نے 5، ملندکمار اور یاسر محمد نے 2،2 اورہرمیت سنگھ نے ایک وکٹ لی۔
یوں امریکا نے عمان کو 57 رنز سے شکست دے کر ون ڈے کرکٹ میں کم ترین اسکور کے کامیاب دفاع کا نیا ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے پاس تھا، جس نے 1985 میں شارجہ میں روتھمینز فور نیشنز کپ کے دوران پاکستان کے خلاف 125 رنز کا کامیاب دفاع کیا تھا۔ اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 87 رنز پر آل آؤٹ کرکے 38 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
امریکا اور اومان کے درمیان کھیلے جانے والے اس ون ڈے میچ میں ایک اور انوکھا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔
4671 ون ڈے میچز کی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی ایک روزہ میچ میں صرف اسپنرز نے بولنگ کروائی اور ایک بھی گیند فاسٹ بولر نے نہیں پھینکی۔
اومان کی جانب سے 5 اسپنرز نے بولنگ کی جبکہ امریکا کے 4 اسپنرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
اس میچ میں مجموعی طور پر 19 وکٹیں گریں جو تمام اسپنرز نے لیں۔ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا تھا۔اس کے ساتھ ون ڈے میچ میں اسپنرز کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی برابر ہوا۔
اس سے قبل 2011 میں چٹاگانگ میں بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان ون ڈے میچ میں بھی مجموعی طور پر 19 وکٹیں اسپنرز نے لی تھیں ۔