پاکستان
18 ستمبر ، 2013

مری سے14مشتبہ افراد گرفتار،کراچی میں گینگ وار کے تین ملزمان ہلاک

مری سے14مشتبہ افراد گرفتار،کراچی میں گینگ وار کے تین ملزمان ہلاک

کراچی/مری…کراچی میں آپریشن کے خوف سے فرار ہونے والے 14مشتبہ افراد کو مری سے گرفتار کر لیا گیا،جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں سے بھی 80افراد حراست میں لے لئے گئے ،گینگ وار کے تین ملزمان بھی پولیس اور رینجرز کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے۔ایک روز قبل لاہور سے بھی تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ مری سے گرفتار ہونے والے14افراد کو مزید تفتیش کیلئے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔ایک روز قبل بھی لاہور سے3افراد کی گرفتاری عمل میں آئی تھی جن میں مبینہ ٹارگٹ کلرامین بلیدی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا ،ٹارگٹ کلرامین بلیدی کو کراچی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرکے درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتارکر لیا۔لیاری میں سکیورٹی اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں دو گینگسٹرز ہلاک ہوگئے جبکہ منگھوپیر میں کالعدم تحریک طالبان کا مبینہ دہشت گرد مقابلے میں زخمی ہوکر بعد ازاں دم توڑگیا۔پولیس اور رینجرز کی جانب سے کراچی کے 16 علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے، 80ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ایس ایس پی سٹی فیصل بشیر میمن کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کیا،اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور گینگ وار کے ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں دوملزمان ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 6 جرائم پیشہ افراد کو گرفتارکیا گیا۔سی آئی ڈی آفیسرچوہدری اسلم خان کے مطابق منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد میں سی آئی ڈی اور رینجرز نے مشترکا چھاپہ مارا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان کا ایک مبینہ دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور 2 دستی بم برآمد ہوئے، بعدمیں مبینہ دہشت گرد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔ چوہدری اسلم نے بتایا کہ دہشتگرد کالعدم تحریک طالبان حکیم اللہ محسود گروپ کاکارندہ ہے ،جس کا نام حضرت علی ہے۔بلدیہ ٹاوٴن،پیرآباد،اورنگی ٹاوٴن اور شرافی گوٹھ میں پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 44 ملزمان کو حراست میں لیکرمختلف اقسام کے ہتھیاراور منشیات برآمد کرلی۔اس سے قبل رینجرزنے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 29 ملزمان کو گرفتار کیا۔

مزید خبریں :