19 ستمبر ، 2013
کراچی …کراچی کے علاقے لیاری میں بزنجو چوک پر نا معلوم افراد کی فائرنگ سے لیاری امن کمیٹی کے رہنما ظفر بلوچ جاں بحق ہو گئے۔ ظفر بلوچ کے قتل کے بعد لیاری میں حالات کشیدہ ہیں اور وقفے وقفے سے شدید ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے،پولیس ذرائع کے مطابق ظفر بلوچ اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے کہ چاکیواڑا تھانے کی حدود میں بزبجو چوک پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے ان کا ساتھی غنی بلوچ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ظفر بلوچ شدید زخمی ہو گئے۔ ظفر بلوچ کوشدید زخمی حالت میں فوری طور پر پہلے لیاری جنرل اسپتال منتقل کیا گیا اور پھر بعد میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا،جہا ں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہوسکے، قاتلانہ حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایس ایس پی سٹی فیصل بشیرمیمن کا کہنا ہے تھا کہ ظفر بلوچ پر 4موٹر سائیکل پر سوار 8 افراد نے حملہ کیا،حملے میں ظفر بلوچ کا گن مین غنی بلوچ موقع پر ہلاک ہو گیا،ظفر بلوچ پر قاتلانہ حملے کی اطلاع جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی ،جس کے بعد لیاری کے مختلف علاقوں میں حالات سخت کشیدہ ہوگئے اور دکان اور کاروبار بند ہوگئے ، ظفر بلوچ لیاری امن کمیٹی کے اہم رہنما تھے،اس سے قبل 2011 میں وہ قاتلانہ حملے میں معزور ہو گئے تھے۔