19 ستمبر ، 2013
حیدرآباد…حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر سندھ کے 42 سرکاری محکموں کے 1500 سے زائد بجلی کے کنکشن منقطع کردیے ہیں۔ حیسکوچیف لئیق احمد کا کہنا ہے کہ کارروائی وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق کی گئی ہے، سندھ میں صوبائی اور وفاقی سرکاری محکموں پر 23 ارب روپے سے زائد واجبات ہیں، جن محکموں کی بجلی منقطع کی گئی ہے ان میں ایچ ڈی اے ، واسا، پولیس ، تعلیم ، ہیلتھ،رینجرز،ریلوے اور کنٹونمنٹ بورڈ سمیت دیگر محکمے شامل ہیں۔ بجلی منقطع ہونے سے واسا کے 4 فلٹر پلانٹ بند ہوگئے ہیں جس سے حیدرآباد شہر کے بڑے حصے میں پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ایم ڈی واسا سلیم الدین کا کہنا ہے کہ واسا پر حیسکو کے ایک ارب 50 کروڑ کے واجبات ہیں جن کی ادائیگی سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔