21 ستمبر ، 2013
لاہور…پیپلز پارٹی کے رہنماء چودھری اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ حکومت کے پہلے 100 دن میں کرپشن کے بڑے اسکینڈل سامنے آنے لگے ہیں ، یہی اسکینڈل پیپلز پارٹی کے دور میں سامنے آتے تو میڈیا چیر پھاڑ کرتا اور عدالتیں سوموٹو نوٹس بھی لیتیں ۔الحمرا آرٹ گیلری میں پینٹنگز کی نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ نہ جانے یہ ہم سے زیادہ شریف ہیں یا ان کے چہرے نورانی ہیں ، کوئی کچھ نہیں کہہ رہا۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے تقرر کیلئے اپوزیشن لیڈر کا آئینی اختیار چیلنج نہیں کیا جا سکتا لیکن چودھری نثار کے اعتراض پر ہم نے دو نام واپس لے لیے تھے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پارٹی کی تنظیم سازی کرینگے۔