21 ستمبر ، 2013
کراچی…وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز کا آپریشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ سپریم کورٹ بھی اس سے مطمئن ہے۔اب تک 31 سو سے زائد ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاوٴس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پولیس نے اب تک ایک ہزار 6 سو 19 کارروائیاں کیں۔ ان میں 2 ہزار 69 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پکڑے گئے افراد میں اغوا برائے تاوان کے 16 ، بھتہ خوری میں ملوث 14 اور منشیات کے دھندے میں ملوث 373 ملزمان شامل ہیں۔ ان کے علاوہ 369 مفرور ملزمان بھی گرفتار کئے گئے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ رینجرز نے 143 ٹارگٹڈ آپریشن کرکے 1043 ملزموں کو گرفتار کیا اور 284 ہتھیار برآمد کئے۔آپریشن کے دوران مقابلوں میں 18 ملزمان ہلاک بھی ہوئے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آپریشن کسی سیاسی جماعت یا خاص گروہ کے خلاف نہیں۔ ایم کیو ایم کو اس سے اختلاف ہوتا تو وہ سندھ اسمبلی میں تحریک التواء اور تحریک استحقاق واپس نہ لیتے۔ کراچی کے شہریوں نے آپریشن کو سراہا ہے۔قائم علی شاہ نے ایک سوال پر کہا کہ نبیل گبول کے خلاف ظفر بلوچ کے قتل کا مقدمہ درج کرانے کے پیچھے کوئی سیاسی محرکات نہیں۔ ایف آئی آر ان کے رشتے داروں نے درج کرائی ہے۔ حکومت کو اس بارے میں کوئی علم نہیں۔