پاکستان
21 ستمبر ، 2013

بلوچستان سے اغواء کئے گئے تین ڈاکٹر شمالی وزیرستان میں رہا

کوئٹہ…بلوچستان سے اغوا کئے گئے تین ڈاکٹروں کو شمالی وزیرستان میں رہا کردیا گیا۔ پولیس کے دعوؤں کے باوجود کوئٹہ میں ڈاکٹروں کے اغوا کا سلسلہ نہیں رک سکا۔لورا لائی کے ڈاکٹر انور شبو زئی ، ڈاکٹر ایاز اور ڈاکٹر نصر اللہ کو لورا لائی سے ژوب جاتے ہوئے گیارہ جون کو اغوا کیا گیا تھا،ڈاکٹر انور شبو زئی کے بھائی رکن بلوچستان اسمبلی عبد اللہ بابت نے جیو نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹروں کو تین ماہ دس دن بعد شمالی وزیرستان میں رہا کردیا گیا۔ تینوں ڈاکٹر بنوں میں ضلعی انتظامیہ کے پاس پہنچ گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی رہائی میں شمالی وزیرستان کے قبائلی عمائدین اور ثالثی کمیٹی نے اہم کردار ادا کیا۔یہ نہیں بتایا گیا کہ رہائی کے بدلے تاوان دیا گیا یا اغوا کاروں کی شرائط مانی گئیں۔لورالائی کے تین ڈاکٹروں کی رہائی کی خبر یقینا خوش آئند ہے لیکن کوئٹہ میں کچھ روز پہلے ڈاکٹر مناف ترین کے اغوا سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس اغوا برائے تاوان کی روک تھام میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔ اس صورت حال پر شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا ہے۔

مزید خبریں :