21 ستمبر ، 2013
لاہور…تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی سے منظورہونیوالے بلدیاتی ایکٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کے اقدام کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن کرنا ہے تو ایک اور اے پی سی بلائی جائے۔عمران کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ پہلے روز کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئین کے آرٹیکل140اے کے منافی ہے جس میں واضح طور پر درج ہے کہ انتظامی مالی امور اور سیاسی اتھارٹی بلدیاتی نمائندوں کے پاس ہوں گی۔عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ خدشہ موجود ہے کہ اے پی سی فوجی آپریشن کی تیاری کیلئے بلائی گئی ،اگر فوجی ایکشن ہوا تو اس کے ملک پر گہرے منفی اثرات ہوں گے۔ میجر جنرل ثناء اللہ کی شہادت کا مذاکراتی عمل پر منفی اثر پڑا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف اب بھی اس بات پر قائم ہے کہ اسے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا۔