28 ستمبر ، 2013
سری نگر…مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پرحالیہ کشیدگی کے باوجود نوازشریف سے ملنے کی خواہش پر من موہن سنگھ کو سیلوٹ کرتا ہوں۔سری نگر میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ من موہن سنگھ نے کسی سازش کوتسلیم نہ کرکے مذاکرات کادرست فیصلہ کیا،پاک بھارت تنازعات بندوق کے زورپرحل نہیں ہوسکتے۔دونوں ملکوں کے مسائل سیاسی ہیں اور انہیں سیاست سے ہی حل کرناہوگا۔پاکستان اوربھارت کے پاس مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔بھارت اور پاکستان بندوق کے زورپرنتائج حاصل نہیں کرسکتے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ ہماری آنکھیں 10ہزارکلومیٹر دورپاک بھارت مذاکراتی مقام پرمرکوز ہیں۔امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی پروان چڑھے گی اور اس بارمذاکرات سے مایوسی نہیں ہوگی۔