20 مارچ ، 2012
لاہور…لاہورمیں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے،بجلی کی گھنٹوں بندش پر جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کیے گئے، مظاہرین نے ٹائر جلاکر ٹریفک جام کردی، تاجروں نے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔لاہور میں کئی روز سے بجلی کا بحران تمام تر شدت کے ساتھ جاری ہے،اردو بازار میں روزانہ گھنٹوں بجلی غائب رہنے پر دکان دار اور تاجر سڑک پر آگئے اور ٹائر جلاکر احتجاج کیا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹے میں لوڈشیڈنگ شیڈول نہ دیا تو ملک گیر ہڑتال کے ساتھ واپڈا ہاوٴس اور حکومتی ایوانوں کا گھیراو کیا جائے گا،شاہ عالم مارکیٹ، گوالمنڈی، ہربنس پورہ اور لکشمی چوک میں بھی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے، لوگوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے پہلے ہی کمر توڑ رکھی ہے،لوڈشیڈنگ سے کاروبار بھی بند ہوگئے ،لاہور میں مظاہروں کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک جام ہو گئی جس سے لوگوں کو شدید پریشانی اٹھانا پڑی،لوڈ شیڈنگ کے ستائے لوگ دن بھر سڑکوں پر سراپا احتجاج بنے رہے ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات نہ کیے گئے تو دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوجائے گا ۔