20 مارچ ، 2012
کراچی…نیٹو کے سپلائی روٹس دوبارہ کھولنے کے معاملے پر بات چیت کے لئے رواں ماہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جیمز میٹس کے دورہء پاکستان کا امکان ہے۔امریکی نیوز ایجنسی کے مطابق جنرل جیمز میٹس نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ وہ مارچ کے وسط یا آخر میں پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔ پاکستانی قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے پاک امریکا تعلقات پر سفارشات پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کے بعد امکان ہے کہ جنرل جیمز میٹس رواں ماہ کے آخر میں پاکستان آئیں گے۔ ان کے دورے کا مقصد نیٹو کے سپلائی روٹس کھولنے کے معاملے پر بات چیت کرنا ہے۔ امریکی نیوز ایجنسی کے مطابق جنرل میٹس پاکستان گئے تو گذشتہ سال نومبر میں سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد کسی اعلیٰ امریکی فوجی افسر کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا ۔
.