20 مارچ ، 2012
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے سینیٹ اور تین صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے اثاثوں کی سالانہ تفصیلات جاری کر دی ہیں ، خیبر پختون خوا اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کے پاس اپنی گاڑیاں نہیں جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے پاس کروڑوں روپے مالیت کی تین گاڑیاں ہیں۔الیکشن کمیشن کی طرف سے سال 2010 -11 کی جاری تفصیلات کے مطابق اسلم رئیسانی کو 18 کروڑ روپے کی گاڑی دوست نے تحفے میں دی اور ان کے پاس 32 لاکھ روپے کا موٹر سائیکل بھی ہے ، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے اثاثے ڈیڑھ کروڑ مالیت کے ہیں اور ان کی گاڑی ان کی بیٹی کے نام پر ہے ، وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا امیر حیدر ہوتی نے اپنی اہلیہ کے نام پر ڈیڑھ کروڑ کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے ،ان کے بنک میں صرف 7 ہزار روپے ہیں اور ان کے پاس کوئی گاڑی نہیں۔رکن سندھ اسمبلی ارباب غلام رحیم کے پاس 90 لاکھ روپے کی 120 بھینسیں ہیں جو انہیں ورثے میں ملیں، ارباب غلام رحیم کے پاس ساڑھے چھ لاکھ روپے مالیت کی 130 بکریاں بھی ہیں۔ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی رضا ہارون کے پاس کوئی جائیداد ہے اور نہ ہی گاڑی، ان کے اثاثوں کی مالیت29 لاکھ روپے ہے۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید کے پاس کوئی گھر ہے نہ گاڑی، ان کے بنک میں ایک لاکھ 24 ہزار روپے ہیں۔مسلم لیگ ق کے صدرچودھری شجاعت ساڑھے 7 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں ان کے پاس کوئی گاڑی نہیں۔