01 اکتوبر ، 2013
واشنگٹن…امریکا میں شٹ ڈاوٴن میں 4 گھنٹے باقی رہ گئے۔ صدربارک اوباما کا کہنا ہے نئے مالی سال کے بجٹ پر اتفاق رائے نہ ہوا تو لاکھوں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہوجائیں گے۔وائٹ ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر اوباما نے کہا کہ سینیٹ کی جانب سے بجٹ بل مسترد کیا جانا خوش آئند ہے ،شٹ ڈاوٴن کے نتیجے میں سرکاری خدمات بند ہوجائیں گی،تاہم ایوان نمائندگان اگر سینیٹ کا بل منظور کرے تو شٹ ڈاون سے بچا جا سکتا ہے۔اس سے کچھ دیر قبل سینیٹ نے حکومتی اخراجات کا بل مسترد کردیا جسے ایوان نمائندگان نے منظور کیا تھا۔ اب یہ بل دوبارہ ایوان نمائندگان کو بھیج دیا گیا ہے۔حکومت اورحزب اختلاف میں اس بل پر کوئی معاہدہ نہ ہوا تو امریکی وقت کے مطابق پیر کی رات 11 بج کر 59 منٹ پر تمام غیر اہم سرکاری سروسز کو بند کرنا پڑے گا۔اس حوالے سے صدر بارک اوباما کا کہنا تھا کہ شٹ ڈاون کی صورت میں لاکھوں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہو جائیں گے جس سے عام لوگوں کی زندگیاں بھری طرح متاثر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ شٹ ڈاوٴن کے دوران سرکاری دفاتر بند رہیں گے،تاہم فوج اپنی ڈیوٹی دیتی رہے گی اور سوشل سیکیورٹی کے چیک بھی ملتے رہیں گے۔