01 اکتوبر ، 2013
مقبوضہ بیت المقدس… اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بھی کسی دیہاتی عورت جیسے نکلے۔ ایران کی لگائی بجھائی کرنے امریکی صدر بارک اوباما کے پاس پہنچ گئے اور چچا سام سے کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے مکمل خاتمے کے لیے دباوٴ ڈالیں، وائٹ ہاوٴس میں امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران اسرائیل کوتباہ کرنا چاہتا ہے۔ ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل ختم کرنے کے لیے دباوٴ ڈالنا ہوگا۔ ایران پر پابندیاں برقراریا مزید سخت کرنی چاہئیں۔ امریکی صدر نے بھی اسرائیلی وزیر اعظم کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار نہ رکھنے والا ملک بنانے کے عزم پر ڈٹے رہیں گے۔امریکی صدر نے کہا کہ مشرقی خیرسگالی کے جذبے کے تحت فلسطینیوں سے مذاکرات پر اسرائیلی وزیراعظم تعریف کے مستحق ہیں۔