01 اکتوبر ، 2013
راجن پور…راجن پور کے کچے کے علاقوں میں چھوٹو گینگ کی گرفتاری کیلئے پولیس کا آپریشن جاری ہے، اب تک پولیس چھوٹو گینگ کے کسی بھی فرد کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ راجن پور اور رحیم یار خان اضلاع کی سرحد پر کچہ میانوالی میں بدنام زمانہ ڈاکو غلام رسول عرف چھوٹو کے گینگ اور عطااللہ پٹ عمرانی گینگ نے علاقے کے لوگوں سے لوٹ مار اور بھتہ خوری کا بازار گرم کر رکھا ہے، جس پر پولیس نے علاقے میں آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس نے متعدد مکانات اور جھونپڑیوں کو جلا دیا ہے۔ پولیس نے آپریشن کے دوران معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث افراد کو بھی گرفتار کیا ہے جبکہ چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے ساتھی عطا اللہ پٹ عمرانی کو گرفتار کرنے میں اب تک ناکام ہے۔