01 اکتوبر ، 2013
کراچی…کیو ایم کے رہنماوٴں نے آج ایک بار پھر یہ شکوہ کیا ہے کہ کراچی میں آپریشن، جانبدارانہ ہو رہا ہے۔ متحدہ کے رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ آج لانڈھی آفس میں رینجرز کے چھاپے میں توڑ پھوڑ کی گئی، الطاف حسین کی تصویریں پھاڑ ی گئیں اور کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرصغیراحمد ، واسع جلیل اور عامر خان نے لانڈھی آفس میں پریس کانفرنس کی۔ ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا تھا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے سب سے پہلے جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کا مطالبہ کیا،متحدہ نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کی حمایت کی۔ یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ سیاسی جماعت کے دفاتر کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا لیکن ایم کیوایم کے دفاتر پر چھاپے مارے جاتے رہے۔ ڈاکٹر صغیر نے کہا کہ آج صبح لانڈھی میں ایم کیو ایم کے دفتر پر رینجرز اہلکاروں نے غیر قانونی چھاپہ مارا،15 سے زائدکارکنوں اورہمدردوں کو گرفتار کیا۔ اور دفتر میں بری طرح توڑپھوڑ بھی کی اور بہت سارا سامان اٹھا کرلے گئے۔