01 اکتوبر ، 2013
کوئٹہ…بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ جس کی وجہ سے اجلاس کی کارروائی کچھ دیر کیلئے ملتوی کرنا پڑ گئی۔ بلوچستان اسمبلی کاایوان اْس وقت مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا جب عوامی نیشنل پارٹی اورپشتون خوا ملی عوامی پارٹی کیاراکان نے ایک دوسرے پر تنقید کی۔ دونوں جماعتوں کے اراکین کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی۔کوئی کسی کی سننے کو تیار نہ تھا۔سب نے اپنے اپنے دل کی بھڑاس نکالی اور اسپیکر کی وارننگ کو بھی نظر انداز کردیا۔ پشتونخواہ میپ نے اے این پی کے رکن اسمبلی پر کرپشن کے الزامات بھی لگائے اور چور مچائے شور کے نعرے بھی لگائے،ایوا ن میں صورتحال قابو میں نہ آئی تو اجلاس کی صدارت کرنے والے چئرمین آف پینل کو کارروائی پندرہ منٹ کے لئے ملتوی کرنا پڑی۔