پاکستان
02 اکتوبر ، 2013

حب ریورروڈ،منگھو پیرمیں2مبینہ مقابلے،کالعدم تنظیم کے6 مبینہ دہشتگرد ہلاک

حب ریورروڈ،منگھو پیرمیں2مبینہ مقابلے،کالعدم تنظیم کے6 مبینہ دہشتگرد ہلاک

کراچی…کراچی کے علاقوں حب ریور روڈ اور منگھو پیر میں 2مبینہ مقابلوں میں کالعدم تنظیم کے6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 کارکن مارے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، دستی بم اور کریکر برآمد ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق منگھو پیر میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 2کارکن ہلاک ہو گئے۔ مارے جانے والے ملزمان کے قبضے سے 3دستی بم، 3بال کریکر اور ایک نائن ایم ایم پستول برآمد ہو ا، جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ ملزمان کی لاشوں کو ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔اس سے قبل کراچی کے علاقے حب ریور روڈ پر سی آئی ڈی اور کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو سی آئی ڈی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی پولیس کو اطلاع ملی کہ حب ریور روڈ پر لکی پہاڑی کے قریب کالعدم تنظیم کے دہشت گرد اسلحے اور بارود سے بھری گاڑی کراچی کی جانب لارہے ہیں جس پر سی آئی ڈی اہلکار موقع پر پہنچے تو مبینہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران 2اہلکار جمال اور سردار زخمی ہوئے جبکہ 4مبینہ دہشت گرد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ چاروں دہشت گرد دم توڑ گئے۔ سی آئی ڈی آفیسر چوہدری اسلم نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ مقابلے میں مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی کے کراچی میں موجود امیر عبدالرحمان عرف لمبو، نائب امیر عارف عرف سجاد چھوٹا عرف ڈاکٹرمقبول، کمانڈر محمد غنی عرف مدثر، کمانڈر محمد صدیق عرف محمد سمیع عرف کاشف کے نام سے ہوئی ہے۔

مزید خبریں :